بارش برسانے والی مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل

لاہور (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) موسم سرما کا اختتام ہے لیکن ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے اور سرحدی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔

چمن کے علاقے کوژک ٹاپ، شیلا باغ، قلعہ عبداللہ، گلستان، خانوزئی، برشور، بوستان اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔

پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق بارشوں کے نئے سلسلے سے پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، قلات اور خضدار کے اضلاع کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔

پی ڈی ایم ے بلوچستان کی جانب سے صوبے کے شمال مشرقی اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کردی ہے جب کہ مسافروں کو آج اور کل غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کوئٹہ میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کے باعث موسم میں ٹھنڈ برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3، قلات میں 2، دالبندین میں 7، بارکھان میں 8، سبی میں 14، تربت میں 15، گوادر اور ژوب میں 16، لسبیلہ میں 17 جب کہ زیارت میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جب کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پنجگور میں 4 اور ماڑہ میں 3 ملی میٹر بارش بھی ریکارڈ ہو چکی ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے